کینبرا۔28جنوری (اے پی پی):جنوبی افریقا ویمن نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا ویمن کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ، فاتح ٹیم نے 143 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔
لارا ولواردت کو 58 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔گزشتہ روز کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے ، گریس ہیرس 31 ، ایلیزا ہیلی 29 اور تاہیلہ میک گراتھ 23 رنز بنا کر نمایاں رہیں ، مساباتا کلاز نے دو وکٹیں حاصل کیں ،
جواب میں جنوبی افریقہ ویمن نے مطلوبہ ہدف 19 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، لارا ولواردت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، تزمین برٹس 41 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں ، ایشلی گارڈنر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔