انٹیگا۔24جون (اے پی پی):آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں جنوبی افریقا نے سخت مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز 3وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت ہوا ، میزبان ویسٹ انڈیز نے 20 اوورز کھیل کر جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 136 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم میچ بارش کے باعث روکا گیا جس کے بعد جنوبی افریقا کا ہدف 136 سے 123 ہوگیا جو کے 17 اوورز میں مکمل کرنا تھا۔
جنوبی افریقا کے تبریز شمسی کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔سر ویوین رچرڈزاسٹیڈیم، نارتھ ساؤنڈ، انٹیگامیں کھیلے گئے سپر۔8گروپ 2 کے میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔میزبان ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا ئے اور جنوبی افریقا کو میچ میں کامیابی کے لئے 136 رنز کا ہدف دیا ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز 52 رنز بناکر نمایاں رہے، دیگر بیٹرز میں کائل میئرز نے 35، آندرے رسل نے 15 رنز بنائے،شائے ہوپ صفر، نکولس پورن اور کپتان پاوول ایک، ایک ، عقیل حسین 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ الزاری جوزف 11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے تبریز شمسی نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، یانسن، ایڈن مارکرم، کیشو مہاراج اور کاگیسورباڈا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقا کی اننگز کے وقت بارش شروع ہوگئی اور میچ روک دیا گیا جس کے باعث میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے 17 اوورز تک محدود کر دیا گیا اور جنوبی افریقا کو جیت کے لئے 123 رنز کا ہدف ملا جو بعد میں جنوبی افریقا نے سخت مقابلے کے بعد پانچ گیندوں قبل مطلوبہ ہدف حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو نہ صرف میچ میں 3 وکٹوں سے ہرا دیا بلکہ میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا، یوں جنوبی افریقا کی ٹیم میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔جنوبی افریقا کے ٹرسٹن سٹبز 29، ہنرک کلاسن 22، کپتان ایڈن مارکرم 18 اور کوئنٹن ڈی کک 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مارکو جانسن نے ناقابل شکست 21 رنز بنائے۔ویسٹ ایڈیز کی جانب سے روسٹن چیز نے 3، آنڈرے رسل اور الزاری جوزف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جنوبی افریقا کے تبریز شمسی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
واضح رہے کہ سپر۔8گروپ 2 میں سے انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔