جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کے خلاف کرکٹ کھیلنے سے ہماری رینکنگ میں بھی بہتری آئے گی،بابر اعظم

111

لاہور۔18نومبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ سال 2016 سے اب تک پاکستان کرکٹ ٹیم ہر سال انگلینڈ کا دورہ کررہی ہے۔اب تو انگلینڈاینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ہمیں اپنے دوسرے گھر کی طرح لگتاہے ۔تعلقات میں بہتری کے ساتھ ساتھ ان دوروں سے ہمیں اپنی صلاحیتوں اور مہارت میں بھی بہتری لانے میں مدد ملتی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم ورلڈچمپئن اور ایک روزہ عالمی رینکنگ میں پہلے اور ٹی ٹونٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ لہذا ایسی ٹیم کے خلاف کرکٹ کھیلنے سے نہ صرف ہم سپر لیگ میں اپنے پوائنٹس بہتر کرسکتے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کے خلاف کرکٹ کھیلنے سے ہماری رینکنگ میں بھی بہتری آئے گی۔ بابراعظم نے کہا کہ بلاشبہ انگلینڈ نے ماضی میں بہت بہترین کھلاڑی تیار کئے ہیں اور وہ اس کی جھلک ان کی کارکردگی میں بھی نظر آتی ہے مگر ہمیں ورلڈکپ میں براہ راست رسائی اور اس طرز کی کرکٹ میں اپنی رینکنگ بہتر کرنے کے لیے مضبوط ٹیموں کو شکست دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر یقین ہے کہ وہ بڑی ٹیموں کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی۔ایک روزہ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں فی الحال پاکستان کا چھٹا اور ٹی ٹونٹی رینکنگ میں چوتھا نمبر ہے۔