کیپ ٹا¶ن ۔ 29 جنوری (اے پی پی) جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پانچواں، آخری اور فیصلہ کن میچ (آج) بدھ کو کیپ ٹاﺅن میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچواں میچ فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا۔ پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر ہے پانچواں میچ جیتنے والی ٹیم سیریز بھی اپنے نام کرنے کی حقدار ٹھہرے گی۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں میزبان ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی لیکن جنوبی افریقہ نے دوسرا میچ 5 وکٹوں سے جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کر لی تھی، تیسرے ون ڈے میں بارش اور قسمت نے میزبان ٹیم کا بھرپور ساتھ دیا اور بارش کی وجہ سے میزبان ٹیم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 13 رنز سے فتح یاب رہی تاہم پاکستانی ٹیم نے چوتھا میچ جیت کر سیریز میں شاندار کم بیک کیا اور پروٹیز کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے پانچواں میچ جیتنے کے لئے بیانات دیئے ہیں، اس لئے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔