پوشفسٹروم ۔ 2 اکتوبر (اے پی پی) جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 333 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ 424 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کیشوو یادیو نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈین ایلگر کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز بنگلہ دیش نے 49 رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے جیت کےلئے 375 رنز درکار تھے مگر مہاراج اور کگیسو ربادا کی تباہ کن باﺅلنگ کے سامنے بنگلہ دیشی بلے باز جم کر نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس طرح اسے 333 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کپتان مشفق الرحیم 16 ، محمد اللہ نو، لٹن داس، صابر رحمان اور تسکین احمد چار، چار جبکہ شفیع الاسلام دو اور مصطفیض الرحمان ایک رن بناکر آﺅٹ ہوئے۔ کیشوو یادیو نے چار اور کگیسو ربادا نے تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ ڈین ایلگر کو پہلی اننگز میں 199 رنز دلکش اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔