جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 28 رنز سے شکست دے دی

105

کولمبو۔10ستمبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں سری لنکا کو 28 رنز سے شکست دے دی، 164 رنز کے ہدف کے تعاقب سری لنکا کی ٹیم 135 رنز بنا سکی، دنیش چندیمل کی 66 رنز کی اننگز بھی سری لنکا کو شکست سے نہ بچا سکی۔

جمعہ کو کولمبو کے مہنداراجا پاکسے سٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ٹی ٹونٹی پر مشتمل پہلے میچ میں مہمان جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ ایڈن مارکرم نے 33 بالوں پر 48 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ٹی ٹونٹی سیریز میں واپسی کرنے والے اوپنر کوئنٹن ڈی کوک نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ ریزا ہینڈرکس نے 38 اور ڈیوڈ ملر نے 20 رنز بنائے۔ سری لنکا کے ونیندو ہسارانگا ڈی سلوا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیبیو میچ کھیلنے والے مہیش تھیکشانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا پائی۔ اوپننگ بلے باز دنیش چندی مل نے 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ کوئی بلے باز جنوبی افریقی بائولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے بیجورن فورچیون، اینرچ نوکیا، کیشومہاراج، تبریز شمسی اور پریٹوریس نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔