ہملٹن۔13فروری (اے پی پی):جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنا لئے ، روآن ڈی سوارٹ 55اور شان وون برگ 34 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔
نیوزی لینڈ کے راچن راویندرا نے تین،میٹ ہنری،ولیم اورورکے اور نیل واگنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان منگل کو سڈن پارک،ہملٹن میں سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ شروع ہوا جنوبی افریقہ کے کپتان نیل برینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، جنوبی افریقا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا جب اس کے پہلے تین کھلاڑی 63 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے ۔
کلائیڈ فورٹوئن صفر،کپتان نیل برینڈ25 اور رینارڈ وین ٹونڈر32 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے ۔زبیر حمزہ چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 20 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،کیگن پیٹرسن 2 رنز بناکر راچن راویندرا کی گیند پر ٹم سائوتھی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ڈیوڈ بیڈنگھم جنوبی افریقا کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 39 رنز بناکر راچن راویندرا کی گیند پر ویل ینگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے ۔
میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنالئے تھے۔ روآن ڈی سوارٹ 55اور شان وون برگ 34 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ نیوزی لینڈ کے راچن راویندرا نے تین،میٹ ہنری،ولیم اورورکے اور نیل واگنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔