پونے۔1نومبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا نیاعالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ بدھ کے روز پونے میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے ورلڈکپ میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز میں 15چھکے لگا کر یہ سنگ میل عبور کیا،ڈیوڈ ملر نے نیوزی لینڈ کےبائولر گلین فلپس کو زوردار چھکا لگا کر یہ کارنامہ سرانجام دیا، یہ جنوبی افریقہ کا رواں ورلڈ کپ میں 77 واں چھکا تھا ۔
اس سے قبل کسی ایک ورلڈ کپ ایونٹ میں سب سے زیادہ 76 چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے پاس تھا جس نے 2019ء کے ورلڈ کپ کی 11 اننگز میں قائم کیا تھا۔ جنوبی افریقہ نے رواں ورلڈکپ میں اب تک صرف 7 اننگز میں 82 چھکے لگائے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے رواں ورلڈ کپ میں کافی میچز باقی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=407237