راولپنڈی۔29اکتوبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 55 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 194 رنز بنائے، ریزا ہینڈرکس نے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔ محمد نواز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی …
جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 55 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

مزید خبریں
راولپنڈی۔29اکتوبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 55 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 194 رنز بنائے، ریزا ہینڈرکس نے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔ محمد نواز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 139 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، صائم ایوب 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ کوربن بوش نے 4 اور جارج لنڈے نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ لنڈے کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ جنوبی افریقن اوپنرز ریزا ہینڈرکس اور کوئنٹن ڈی کاک نے 44 رنز کا آغاز فراہم کیا، ڈی کاک 23 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ٹونی ڈی زورزی نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور 16 گیندوں پر 33 رنز بنائے، انہیں محمد نواز نے آئوٹ کیا۔ ڈیوالڈ بریوس تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 9 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ میتھیو بریٹسکے ایک رن بنا کر صائم ایوب کا شکار بنے جبکہ کپتان ڈونوون فریرا کو محمد نواز نے 10 کے انفرادی اسکور پر کلین بولڈ کر دیا۔ مہمان ٹیم کی جانب سے ریزا ہینڈرکس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 40 گیندوں پر 60 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔
جارج لنڈے نے 22 گیندوں پر 36 رنز کی مفید اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ کوربن بوش 7 اور لیزاڈ ولیمز 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے اسپنرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ محمد نواز نے تین اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ نوجوان آل راؤنڈر صائم ایوب نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 18.1 اوورز میں 139 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
صائم ایوب 37، محمد نواز 36 اور صاحبزادہ فرحان 24 رنز بنا کر نمایاں رہے ، دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور وقفے وقفے سے آئوٹ ہوتے رہے۔ تجربہ کار بیٹر بابر اعظم اپنا روایتی کھیل پیش نہ کر سکے اور صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان سلمان آغا 2، عثمان خان 12، حسن نواز 3، فہیم اشرف ایک ، شاہین آفریدی 4 اور نسیم شاہ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کوربن بوش نے چار، جارج لنڈے نے تین، لیزاڈ ولیمز نے دو اور لنگی نگیڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جارج لنڈے کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔








