ڈھاکہ۔22اکتوبر (اے پی پی):بنگلہ دیش کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں مشکلات کا شکار ہے، میزبان ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگزمیں 3وکٹوں کے نقصان پر 101رنز بنالئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 101رنز درکار ہیں،
دریں اثنا مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 308رنز بنا کر بنگلہ دیش کے خلاف مجموعی طور پر 202رنز کی برتری حاصل کر کے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کی،کیل ویرینے نے شاندار سنچری سکور کی۔ منگل کے روز شیر بنگلہ سٹیڈیم میرپور میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز 140 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کیل ویرینے 18 اور ملڈر 17 رنز پر کھیل رہے تھے،
دونوں بیٹرز نے سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور مجموعی سکور کو 227 تک پہنچا دیا، اس موقع پر ویان ملڈر 54رنز کی بہترین اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے جبکہ کیل ویرینے نے شاندار سنچری سکور کی، وہ 114 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ دانے پیڈٹ نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیشی بائولر تیجل الاسلام نے 5، حسن محمود نے 3 اور مہدی حسن میراز نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
بنگلہ دیش نے 202 رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں پر 101 رنز بنا لئے ہیں اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے مزید 101 رنز درکار ہیں، اوپنر محمود الحسن جوئے 38 اور تجربہ کار کھلاڑی مشفیق الرحیم 31 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ۔ بنگلہ دیش کے آئوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں شادمان اسلام ایک، مومن الحق صفر اور کپتان نجم الحسین شنتو 23 رنز بنا پائے۔ جنوبی افریقی فاسٹ بائولر کاگیسکو رابادا نے دو اور کیشو مہاراج نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔