جنوبی افریقہ کی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مضبوط‘ فاف ڈوپلیسیز کی 199 رنز کی اننگز

67
جنوبی افریقہ اے نے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا اے کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

سنچورین۔28دسمبر (اے پی پی):فاف ڈوپلیسیز کی 199 رنز کی اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ کی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مضبوط ہوگئی‘ جنوبی افریقہ نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں 621 رنز بنا ئے‘ سری لنکا نے دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 65 رنز بنا لئے‘ جنوبی افریقہ کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 160 رنز درکار ہیں۔ پیر کو سنچورین میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔جنوبی افریقی بلے باز فاف ڈوپلیسیز نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 199 رنز کی یادگار اننگز کھیلی‘ بدقسمتی سے وہ اپنی پہلی ڈبل سنچری مکمل نہ کرسکے۔ ٹیمبا باوما 71 رنز بنا کر آوٹ ہوئے اور کیشو مہاراج نے 73 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیل ایلگر 95 اور مارکرام نے 68 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ سری لنکا کے باولر ونیندو ہسارانگا نے 4 وکٹیں حاصل کیں‘ وشوا فرنینڈو نے تین جبکہ دوسان شناکا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کے پہلے اننگز کے سکور 396 کے جواب میں جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 621 رنز بنا کر 225 رنز کی برتری حاصل کرلی۔سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز کا مایوس کن آغاز کیا۔ کپتان کرونارتنے 6 رنز اور کوشل مینڈس بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے۔ سری لنکا نے دوسری اننگز میں دو وکٹیں گنوا کر 65 رنز بنا لئے۔ جنوبی افریقہ کے فاسٹ باولر لونگی نگیدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 160 رنز درکار ہیں۔