
ملتان۔ 15 ستمبر (اے پی پی):پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ ویمن ٹیم کے خلاف بینک الفلاح ٹی20 کرکٹ انٹرنیشنل سیریز جیت کر آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 ءکیلئے اعتماد حاصل کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان لوورا وولوارٹ کے ہمراہ پاکستان،جنوبی افریقہ بینک الفلاح ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کی ٹرافی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔فاطمہ ثناء نے کہا کہ سائوتھ افریقہ کے خلاف سیریز خوش آئند ہے،جنوبی افریقہ مضبوط اور اچھی ٹیم ہے ،ایسی ٹیم خلاف سیریز ورلڈ کپ سے پہلے بہترین تیاری کیلئے سنہری موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو ہفتے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ ہے،اس سیریز سے اچھی چیزیں سیکھیں گے،سیریز میں اچھا پرفارم کر کے جیت کر ورلڈ کپ کے لئے اعتماد حاصل کریں گے،ورلڈ کپ کھیلنے سے پہلے اس سیریز سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 20 دن پہلے ٹیم کے فٹنس کیمپ کا انعقاد ہوا،جس میں تمام کھلاڑیوں کی سخت ٹریننگ کی گئی،تمام کھلاڑی ریگولر پریکٹس کر رہی ہیں،پریکٹس میں بیٹنگ،بائولنگ اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی،ہم ورلڈ سے پہلے سائوتھ افریقہ کیخلاف اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے تیار ہیں،ورلڈکپ کے لئے بھی ہماری تیاریاں بہت اچھی ہیں،سائوتھ افریقہ کے خلاف سیریز جیت کر ورلڈ کپ میں اچھے مومینٹم کیساتھ جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں فاطمہ ثنا نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کی مشاورت سے ٹیم سکواڈ کا چنائو کیا گیا ہے،سابق کپتان ندا ڈار کی جگہ مجھے کپتان بنایا گیا ہے،سابق کپتان سے بہت کچھ سیکھا ہے،وہ اب بھی ٹیم میں ساتھ ہیں،ٹیم کی بہترین پرفارمنس اور مثبت نتائج کے حصول کیلئے ندا ڈار کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھائوں گی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹیم کی تمام کھلاڑی متحد ہیں اور سب ایک دوسرے کو سپورٹ کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلی دفعہ کھیل رہے ہیں،امید کرتی ہوں کہ اسٹیڈیم میں اچھا کراؤڈ آئے گا،کراؤڈ دونوں ٹیموں کو سپورٹ کرے ،شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔مڈل آرڈر کی پرفارمنس سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر کی کارکردگی بہتر کرنے کیلئے مزید محنت کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور سائوتھ افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیموں کے مابین تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ کل پیر کو کھیلا جائے گا۔