جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستانی ٹیم کی جیت کا انحصار پچ پر ہوگا، شعیب اختر

51

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ (کل) منگل سے شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستانی ٹیم کی جیت کا انحصار میزبان کے لئے تیار کردہ وکٹوں پر ہوگا، جنوبی افریقہ کی ٹیم نے14 سال بعد پاکستان کا دورہ کیا ہے جو پوری قوم کے لئے خوشخبری ہے۔ میرے خیال میں پاکستان کے سیریز جیتنے کے امکانات ٹیم اور پچ کی تیاری پر منحصر ہیں۔ اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان فلیٹ وکٹیں نہیں بنائے گا کیونکہ اس کے نتیجے میں 500 سے زیادہ رنز اور ڈرا میچ ہوں گے ، جسے ہم نہیں دیکھنا چاہتے۔شعیب اختر نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ اسپنرز سیریز میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ہم دو تین اسپنرز رکھ سکتے ہیں کیونکہ وہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے خلاف فائدہ مند ثابت ہوں گے لیکن ہیڈ کوچ مصباح الحق اور ٹیم انتظامیہ کو یہی فیصلہ کرنا ہے، ٹیم مینجمنٹ کے لئے یہ ایک انتہائی اہم سیریز ہوگی۔ آپ کو دیکھنا ہوگا کہ آپ ہوم سیریز سے کس طرح فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیریز مین ٹاس بھی بہت اہم ہوگا۔شعیب اختر نے کہا کہ ان کی نیک خواہشات پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں کہ وہ سیریز جیتنے، جنوبی افریقہ ایک مضبوط ٹیم ہے۔اگر فلیٹ وکٹیں بن جاتی ہیں تو پھر ٹیسٹ ڈرا ہونے کا امکان ہے۔دو میچوں کی سیریز کا پہلا میچ منگل سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔