اسلام آباد ۔ 03اگست (اے پی پی) جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں منعقد ہونے والی چارروزہ بین الاقوامی تجارتی نمائش میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ( ٹی ڈی اے پی) کے زیر انتظام ” پاکستان پویلین “ قائم کیا جائے گا۔ ٹی ڈی اے پی کے حکام نے کہا ہے کہ ” آٹو مکینیکا جوہانسبرگ“ 18 تا 21 ستمبر 2019 کو منعقد ہوگی جس میں دنیا بھر میں سے آٹو موٹیو سروس انڈسٹری اپنی مصنوعات ، خدمات کی نمائش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تجارتی میلے میں ٹی ڈی اے پی کے بینر تلے ” پاکستان پویلین“ قائم کیا جائے گا جس میں آٹو پارٹس ، ٹائرز ، گاڑیوں کی مرمت اور دیگر مصنوعات کے سٹالز لگا ئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 2017ءمیں منعقد ہونے والی نمائش میں 26 ممالک کے 620 اداروں نے شرکت کی تھی جبکہ 12 ہزار 781 خریدار بھی نمائش میں شریک ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تجارتی نمائش میں شرکت سے آٹو انڈسٹری کی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔