گیبورون ۔23اگست (اے پی پی):جنوبی افریقی ملک بوٹسوانا میں دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ہیرا دریافت ہوا ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق کینیڈا کی کان کنی کمپنی لوکارا ڈائمنڈ کارپوریشن نے گزشتہ روز اعلان کیا ہے کہ اس نے بوٹسوانا شمال مشرق میں اپنی کاروئے نامی ڈائمنڈ مائن میں 2,492 قیراط (یا 498.4 گرام) کا ایک بڑا ہیرا دریافت کیا ہے۔ بوٹسوانا کے صدر موکگویتسی ماسی نے بذات خود اس ہیرے کا معائنہ کیا اور اس بڑے ہیرے کے ساتھ اپنی تصویر بھی کھینچوائی۔ 1905 میں جنوبی افریقہ میں پائے جانے والے 3,106 کیرٹ کلینن ہیرے کے بعد زمین کے اندر سے دریافت ہونے والا یہ اب تک کا دوسرا سب سے بڑا ہیرا ہے۔ 1800کی دہائی کے آخر میں برازیل میں بھی زمین کے اوپر ہی ایک بڑا سیاہ ہیرا دریافت ہوا تھا، تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ایک میٹرائٹ کا حصہ ہے۔
کینیڈا کی کمپنی لوکارا نے اس نئے ہیرے کی قیمت کا ابھی تک اندازہ نہیں لگایا اور اس کے معیار پر بھی کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ کمپنی نے کہا کہ یہ اب تک دریافت کیے گئے سب سے بڑے کھردرے ہیروں میں سے ایک ہے۔ کمپنی نے کہا کہ پہلے ہیرے کا پتہ چلا اور پھر اسے کمپنی نے میگا ڈائمنڈ ریکوری ایکس رے ٹرانسمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے برآمد کیا۔ کمپنی نے اس ٹیکنالوجی کو 2017 میں وہاں نصب کیا تھا۔ کمپنی کے صدر ولیم لیمب نے بیان میں کہا کہ ہم 2,492 قیراط کے اس غیر معمولی ہیرے کی دریافت سے بہت پرجوش ہیں۔ بوٹسوانا کے صدر موکگویتسی ماسی کی حکومت نے اسے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ہیرا قرار دیا ہے اور جمعرات کے روز دارالحکومت گیبورون میں اپنے دفتر میں اس قیمتی پتھر کے ساتھ فوٹو بھی کھنچوائی۔ ہیروں کی کان کنی کی صنعت بوٹسوانا کے لیے بہت اہم ہے، جہاں پتھروں کی مالیت ملک کی کل برآمدات کے نصف سے بھی زیادہ ہے۔ کمپنی نے تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال جیسے اہم شعبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہیروں کی صنعت اس ملک کو وسیع پیمانے پر سماجی واقتصادی فوائد فراہم کرتی ہے، جو کان کنی کے شعبے سے بھی اہم ہیں۔
حالیہ برسوں میں یہ تیسرا بہت بڑا ہیرا ہے، جو کرووے کان میں دریافت ہوا ہے۔ اس سے قبل 2019 میں دریافت کیا گیا 1,758 کیرٹ کا پتھر بوٹسوانا میں اب تک کی سب سے بڑی کان کنی تھی، جس کا نام سیویلو تھا۔ مقامی زبان میں اس کا مطلب نایاب تلاش ہے۔ بعد ازاں کرووے کان نے بھی 2021 میں 1,174 کیرٹ کا ہیرا نکالا تھا۔