جنوبی افریقی کپتان ویان مولڈر کی زمبابوے کے خلاف بلاوایو ٹیسٹ کے دوسرے روز 367 رنز کی ناقابل شکست اننگز

32

بلاوایو۔7جولائی (اے پی پی):جنوبی افریقہ کے کپتان ویان مولڈر نے زمبابوے کے خلاف بلاوایو ٹیسٹ کے دوسرے روز شاندار 367 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف میں درج کروا لیا۔ ویان مولڈر اب جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

انہوں نے بطور کپتان ٹرپل سنچری بنانے والے پہلے جنوبی افریقی کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔ 27 سالہ مولڈر نے اوے ٹیسٹ میں پاکستان کے لیجنڈری بیٹر حنیف محمد کا 337 رنز کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ حنیف محمد نے یہ کارنامہ 1958 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف انجام دیا تھا۔ ویان مولڈر نے 297 گیندوں پر ٹرپل سنچری مکمل کر کے ٹیسٹ کرکٹ کی دوسری تیز ترین ٹرپل سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ اس فہرست میں سب سے اوپر بھارت کے وریندر سہواگ ہیں

جنہوں نے 278 گیندوں پر ٹرپل سنچری بنائی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مولڈر صرف 33 رنز کی دوری پر تھے کہ وہ عظیم ویسٹ انڈین بیٹر برائن لارا کا 400 رنز کا عالمی ریکارڈ توڑ دیتے مگر کھانے کے وقفے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

یوں برائن لارا کا 2004 میں انگلینڈ کے خلاف بنایا گیا 400 ناٹ آؤٹ رنز کا تاریخی ریکارڈ بال بال بچ گیا۔ شائقین کرکٹ اس لمحے ایک نئی تاریخ کے منتظر تھے مگر جنوبی افریقی ٹیم کے غیر متوقع فیصلے نے سب کو حیران کر دیا۔