جنوبی افغانستان،سول اور عسکری حکام کو جاندار چیزوں کی تصاویر بنانے سے روک دیا گیا

90
Afghanistan
Afghanistan

کابل۔19فروری (اے پی پی):افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار کے حکام نے عہدیداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ ’جاندار چیزوں‘ کی تصاویر یا ویڈیوز نہ بنائیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صوبے قندھار کے حکام نے سول اور عسکری حکام کو لکھے گئے ایک خط میں ہدایت کی ہے کہ اپنی رسمی اور غیر رسمی محفلوں میں جاندار چیزوں کی تصاویر لینے سے گریز کریں کیونکہ اس سے فائدے کے بجائے نقصان زیادہ ہوتا ہے تاہم، کہا ہے کہ سرکاری سرگرمیوں پر متن یا آڈیو مواد کی اجازت ہے۔

قندھار کے گورنر کے ترجمان محمود اعظم نے اے ایف پی کو خط کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس کی ہدایات کا اطلاق صرف صوبائی حکام پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا اس خط کا اطلاق عام لوگوں اور آزاد میڈیا پر نہیں ہوتا۔ٹیلی ویژن اور جانداروں کی تصاویر پر پابندی 1996 سے 2001 تک طالبان کے سابقہ دور کی بازگشت ہے۔

دو سال قبل طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد سے، مختلف میڈیا اداروں نے رضاکارانہ طور پر لوگوں اور جانوروں کی تصاویر دکھانے سے گریز کیا ہے۔جنوری 2023 میں صوبہ بلخ میں طالبان نے مرد ڈاکٹروں کو خواتین مریضوں کا علاج کرنے سے منع کر دیا تھا۔