مظفر آباد۔ 22 مئی (اے پی پی):صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں امن مسئلہ کشمیر سے مشروط ہے ،اگرمسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو پاکستان اور بھارت کے درمیان پھر جنگ کے امکان کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا،مسئلہ کشمیر کا حل سہ فریقی مذاکرات میں ہی ہے ،موجودہ جنگ سے مسئلہ کشمیر پوری دنیا میں فلیش پوائنٹ بنا،امریکہ اور یورپ سمیت پوری دنیا کی طرف سے بھارت پر مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر زور دیا گیا جو ہماری بڑی کامیابی ہے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنگوں کے خلاف ہیں وہ مسئلہ کشمیر حل کروا سکتے ہیں ،بھارت جتنی بھی تردید کرے امریکہ ،برطانیہ اور سعودی عرب نے ثالثی کروائی ہے اور اسی ثالثی کے نتیجہ میں ہی جنگ بندی ہوئی ہے،پاک فوج نے بھارت کو اُس کی جنگی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کے غرور کو خاک میں ملایا ہے
جس پر ہم پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے تراڑ کھل میں ڈپٹی کسٹوڈین سردار پرویز یعقوب خان اور سردار وقاص جاوید خان کی طرف سے دئیے گے ظہرانے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ظہرانے میں سابق صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان، صدارتی مشیر سردار امتیاز احمد خان،سابق وزیر حکومت سردار عابد حسین عابد، میزبان سردار پرویز یعقوب خان، سردار وقاص جاوید خان کے علاوہ بڑی تعداد میں سیاسی زعماء اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔
اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کسی بھی صورت سود مند نہیں ،دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں لیکن جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کے امکانات موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کا خیر مقدم کرتے ہیں ،صدر ٹرمپ جنگوں کے خلاف ہیں وہ مسئلہ کشمیر حل کروا سکتے ہیں،میری امریکن،یورپین اور برٹش سفارتکاروں سے بات ہوئی ،اس وقت تمام ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے ،اس کے حل کے بغیر خطے میں امن نہیں آسکتا۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ موجودہ جنگ میں ہمارے لوگ شہید ہوئے لیکن ان شہداء کی قربانیوں اور لاکھوں کشمیریوں کی قربانیوں سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر دنیا میں فلیش پوئنٹ بن کر سامنے آیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ کنٹرول لائن پر شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے حکومت کو کہہ دیا ہے ایل او سی پر موجود آبادی نے پاک فوج کیساتھ مل کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیا اس لیے ان کی مشکلات حل کرنا حکومت کا کام ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600155