جنوبی ایشیا میں امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے،ملائیشیا پاکستان کا برادر ملک اور بااعتماد دوست ہے۔ ، چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون سے میپم کے صدر حاجی محمد عظمی عبدالحمید سے ملاقات

136
Rana Muhammad Qasim Noon
Rana Muhammad Qasim Noon

مظفرآباد۔15فروری (اے پی پی):چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے،ملائیشیا پاکستان کا برادر ملک اور بااعتماد دوست ہے۔ وہ ہفتہ کو یہاں ملائیشیا کی مشاورتی کونسل آف اسلامک آرگنائزیشن (میپم) کے صدر حاجی محمد عظمی عبدالحمید سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، مسئلہ کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کی ملائیشیا پاکستان کا برادر ملک اور بااعتماد دوست ہے، پاکستان، ملائیشیا کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان کے عوام ملائیشیا کی عوام سے بے پناہ محبت اور گہری وابستگی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین پارلیمانی سطح پر رابطوں کا فروغ ضروری ہے، خطہ کشمیر جنوبی ایشیا میں فلیش پوائنٹ ہے، مسئلہ کشمیر کا پر امن اور پائیدار حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، ملائیشیا ہمیشہ پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتا آیا ہے، جنوبی ایشیا میں امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد کا عالمی سطح پر مقدمہ لڑتا رہے گا۔

اس موقع پر صدر حاجی محمد عظمی عبد الحمید نے کہا کہ ملائیشیا کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے، آسیان فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا مشترکہ مذہب اور تاریخ کے اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان اور ملائیشیا کا مشترکہ تعلیمی و تحقیقی منصوبے شروع کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔