جنوبی وزیرستان، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ایف سی ساؤتھ اور انتظامیہ کے مؤثر اقدامات

جنوبی وزیرستان۔21ستمبر (اے پی پی):جنوبی وزیرستان کے علاقے سرواکئی میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ اس قدرتی آفت سے متاثرہ عوام کی مدد کے لیے فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ ہنگامی اقدامات کا آغاز کیا، جسے مقامی آبادی نے سراہا ہے۔ ذرائع کے مطابق، سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی …

جنوبی وزیرستان۔21ستمبر (اے پی پی):جنوبی وزیرستان کے علاقے سرواکئی میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ اس قدرتی آفت سے متاثرہ عوام کی مدد کے لیے فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ ہنگامی اقدامات کا آغاز کیا، جسے مقامی آبادی نے سراہا ہے۔

ذرائع کے مطابق، سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں۔ ایف سی ساؤتھ نے متاثرہ علاقوں میں نہ صرف آمد و رفت کی بحالی کے لیے ٹوٹے ہوئے راستے اور بہہ جانے والے پل ازسرنو تعمیر کیے، بلکہ متاثرہ خاندانوں کو ریلیف پیکجز بھی فراہم کیے۔ ریلیف پیکجز میں بستر، کپڑے، روزمرہ استعمال کی اشیاء، پھل اور دیگر ضروری سامان شامل تھا، جو متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا گیا۔

مقامی کمانڈر نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور عمائدین و مشران کے ساتھ ایک جرگہ بھی منعقد کیا، جس میں عوامی مسائل سنے گئے اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی گئی۔ علاقہ مکینوں نے ایف سی ساؤتھ کی جانب سے کی جانے والی بروقت امداد، بحالی کے اقدامات اور عوامی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کا شکریہ ادا کیا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی، تاکہ عوام کو معمولاتِ زندگی بحال کرنے میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

مزید خبریں