ملتان۔8 نومبر(اے پی پی )وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے اور وہ اس مسئلے پر بلاول بھٹو زرداری اور شہبازشریف سے ملاقات کے لیے تیارہیں۔وہ جمعرات کے روز نامور دانشور ڈاکٹر غضنفر مہدی کے پی ایچ ڈی مقالے ” سرائیکی مرثیہ“ کی تعارفی تقریب کے موقع پر منعقدہ سرائیکی ادبی کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ پی ٹی آئی کے پاس پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے مقابلے میں آٹھ سیٹیں زیادہ ہیں۔تاہم نئے صوبے کے قیام کے لیے دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ نئے صوبے کے قیام سے وفاق مستحکم ہوگا تمام چھوٹی سیاسی جماعتیں نئے صوبے کے قیام میں تعاون کے لیے تیارہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نئے صوبے کے قیام کے حوالے سے پرعزم ہے اور ہمیں یقین ہے کہ جنوبی پنجاب ایک روز الگ صوبے کے طورپر سامنے آئے گا۔انہوںنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نئے صوبے کے مسئلے پر100روز مکمل ہونے سے پہلے اتفاق رائے کےلئے کوشاں ہے اور ہم اس بات پر بھی غور کررہے ہیں کہ جب تک جنوبی پنجاب الگ صوبے کا درجہ حاصل نہیں کرتا اس خطے کے لوگوں کو عارضی ریلیف فراہم کردیا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=121193