ملتان۔ 10 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر میپکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن تیسرے روزبھی جاری رہا۔آپریشن کے دوران جنوبی پنجاب میں بجلی چوری میں ملوث7افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔ میپکو اور پولیس کی مشترکہ کارروائیوں میں وہاڑی سے4 اور ڈی جی خان سے ایک بجلی چور گرفتارکیاگیا۔بہاولپور اور ساہیوال کے علاقوں سے ایک، ایک بجلی چورموقع سے پکڑا گیا۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں مختلف کیٹگریز کے258 صارفین کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ ااور انہیں مجموعی طورپر ایک کروڑ65لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔258افراد کے خلاف مختلف پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں بھیجیں جن میں سے ایک روز میں 35بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج ہوئے۔
گلگشت سب ڈویژن کے علاقہ میں ریٹائرڈ ڈی ایس پی ڈائریکٹ تاریں لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ایس ڈی او ملک کاظم اعوان کی سربراہی میں ٹیم نے پولیس فورس کے ہمراہ زکریاٹاؤن میں آپریشن کئے۔مختلف ناموں سے نصب میٹرز ریٹائرڈ ڈی ایس پی تنویراحمد کے زیر استعمال تھے۔ریٹائرڈ پولیس افسر کے گھر نصب دونوں میٹرز پر 42ایمپئر لوڈ چل رہاتھااور بڑے پیمانے پر بجلی چوری کی جارہی تھی۔ایس ڈی او گلگشت سب ڈویژن نے تھانہ گلگشت میں مقدمہ درج کروانے کے لئے درخواست دیدی۔شاہ رکن عالم کے علاقہ میں ایئرکنڈیشنرز استعمال کرنے والے 4افراد کو ڈائریکٹ تاریں لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا۔
ایس ڈی او شکیل پاشا کی سربراہی میں ٹیم کی جانب سے میٹرز اُتارنے پر چاروں بجلی چور مشتعل ہوگئے اور میپکو ٹیم سے میٹرز چھین لئے۔پولیس کے موقع پر پہنچنے کے باوجود میٹرز نہ دئیے۔ سب ڈویژنل افسر نے مقدمات درج کرنے اور گرفتاری کے لئے قانونی کارروائی شروع کردی۔میپکو ترجمان کے مطابق 9ستمبرکوملتان سرکل میں 46بجلی چوروں کو3718774روپے جرمانہ عائد کیاگیا اور ایک مقدمہ درج ہوا۔ ڈی جی خان سرکل میں 25صارفین کو 1789034روپے جرمانہ عائد اور11مقدمات درج، وہاڑی سرکل میں 24افراد کو1455792روپے جرمانہ عائد اور 7ایف آئی آرز درج،
بہاولپور سرکل میں 31صارفین کو 1539654روپے جرمانہ عائداورایک مقدمہ درج، ساہیوال سرکل میں 37بجلی چوروں کو2059237روپے جرمانہ عائد اور7مقدمات درج، رحیم یار خان سرکل میں 37صارفین کو 2335000روپے جرمانہ عائداور2ایف آئی آرز درج، مظفرگڑھ سرکل میں 33افراد کو2142780روپے جرمانہ عائداورتین مقدمات درج، بہاولنگر سرکل میں 11بجلی چوروں کو420000روپے جرمانہ عائد اور3ایف آئی آرز درج، خانیوال سرکل میں 14بجلی چوروں کو1049500روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=388837