جنوبی پنجاب میں نیا صوبہ بنانے کے حوالے سے دستور (ترمیمی) بل 2019ء قومی اسمبلی میں پیش، بل کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل کی بھی منظوری

98

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی) جنوبی پنجاب میں نیا صوبہ بنانے کے حوالے سے دستور (ترمیمی) بل 2019ء قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا جس کے لئے ایوان کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی تحریک بھی منظور کرلی گئی ہے’ بل کا جائزہ خصوصی کمیٹی لے گی۔ پیر کو قومی اسمبلی میں سید سمیع الحسن گیلانی نے دستور (ترمیمی) بل 2019ء پیش کرنے کے لئے قرعہ اندازی اور دس دن کے نوٹس کی مدت کے ضمن میں مذکورہ قواعد 53 اور 118 کی ضروریات سے صرف نظر کرنے کی تحریک پیش کی۔ ایوان نے تحریک کی منظوری دے دی۔ ایوان سے اجازت ملنے پر مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی نے دستور (ترمیمی) بل 2019ء ایوان میں پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ اس بل کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے۔انہوں نے خصوصی کمیٹی کے قیام کی تحریک بھی ایوان میں پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دے دی۔ اس طرح جنوبی پنجاب کے حوالے سے دستور (ترمیمی) بل خصوصی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔