جنوبی پنجاب میں کپاس کے 31جولائی تک پیداوار فی ٹینڈا وزن3.44گرام رہا

140
Cotton

ملتان۔ 03 اگست (اے پی پی):جنوبی پنجاب میں کپاس کے 31جولائی 2024ء تک پیداوار فی ٹینڈا وزن3.44گرام رہا۔ محکمہ زراعت ملتان کے کراپ رپورٹنگ سروس ونگ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں رواں سیزن اب تک چارلاکھ 50 ہزار روئی کی گانٹھوں کے برابر کپاس کی پیداوار حاصل ہو چکی ہے۔گزشتہ سال اسی عرصہ کے دوران چار لاکھ 32ہزار گانٹھوں کے برابر کپاس کی پیداوار حاصل ہوئی۔

موجودہ سیزن کپاس کی پیداوار گزشتہ سال اسی عرصہ کے دوران 4.2 فیصد زیادہ حاصل ہوئی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ شمالی پنجاب میں کپاس کا فی ٹینڈا وزن 3.77 گرام رہا،گزشتہ سال اس عرصہ میں اوسط فی ٹینڈا وزن3.99 گرام تھا،موجودہ سیزن شمالی پنجاب میں اوسط ٹینڈے کا وزن 5.5فیصد کم رہا۔جنوبی پنجاب میں کپاس کا فی ٹینڈا وزن 3.44 گرام رہا جو کہ گزشتہ سال 3.42 گرام تھا،جنوبی پنجاب میں فی ٹینڈا اوسط وزن 0.6 فیصد زیادہ رہا۔محکمہ زراعت کپاس کے آئندہ عبوری اعداد و شمار 15 اگست 2024ء کو جاری کرے گا۔