21.6 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 3, 2025
ہومضلعی خبریںجنوبی پنجاب میں 250کروڑ روپے کے قرضے تقسیم کیے گئے ،پانچ ہزارافراد...

جنوبی پنجاب میں 250کروڑ روپے کے قرضے تقسیم کیے گئے ،پانچ ہزارافراد کو روزگار حاصل ہوا ہے،عثمان ڈار

- Advertisement -

ملتان۔24جنوری (اے پی پی):وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہاہے کہ ملکی معیشت میں استحکام اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کے لیے کامیاب جوان سکیم سمیت دیگر سکیموں کوشروع کیاگیا ہے، جنوبی پنجاب میں 250کروڑ روپے کے قرضے تقسیم کیے گئے ہیں جس سے پانچ ہزارافراد کو روزگار حاصل ہوا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان تجارت وصنعت ملتان میں منعقدہ دوروزہ ” ایس ایم ای میلہ“ کے شرکاءسے بذریعہ ویڈیولنگ خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عثمان ڈار نے مزیدکہاکہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ ان سکیموں سے کاروباری افراد استفادہ کررہے ہیں اور اپنے کاروبارکو بڑھا رہے ہیں، کامیاب جوان سکیم کے تحت 100ارب روپے کے قرضہ جات تقسیم کیے جائیں گے، اس سکیم میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کلیدی کردارادا کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ اربوں روپے کے یہ قرضہ جات نہ تو سیاسی ہیں اور نہ ہی سفارشی ہیں، حکومت شفاف انداز میں یہ قرضہ جات تقسیم کررہی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ حکومت کوالٹی لون دے گی اور حقدار کوہی یہ قرضہ دیں گے تاکہ اس کے اثرات ملکی معیشت پر مرتب ہوں، حکومت سروسز، مینوفیکچررز اور زرعی شعبہ جات کی ترقی پر فوکس کیے ہوئے ہے اور ان شعبہ جات میں قرضے دیئے جار ہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایوان تجارت وصنعت کے ممبران کو بالخصوص یہ قرضے تقسیم کیے جائیں گے ، ایوان تجارت و صنعت کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ان ممبران کی نشاندہی کرے جن کو قرضوں کی ضرورت ہے اور وہ واقعی اپنا کاروبار بڑھانے یا نئے آئیڈیاز پر کام کرنے کے خواہش مند ہیں، ان سکیموں کی کامیابی میں سٹیٹ بینک کے ساتھ ساتھ 21پارٹنر بینکوں کا کردار بھی اہم ہے، بینک آف پنجاب 10ارب روپے کے قرضہ جات تقسیم کررہاہے۔

ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ماہانہ دو سے تین ارب روپے کے قرضہ جات تقسیم کیے جارہے ہیں۔ اپنے خطاب کے دوران عثمان ڈار نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ جلد ایوان تجارت وصنعت ملتان کاوزٹ کریں گے اور قرضہ جات کی تقسیم کا کام بھی کیاجائے گا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر اشرف خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور کامیاب جوان سکیم سمیت دیگر سکیمیں کامیابی سے چل رہی ہیں، ان سکیموں کی کامیابی میں ایوان تجارت وصنعت بھی اپنا کردارادا کررہے ہیں، کاروباری خواتین کی آگاہی کاکام بھرپورانداز میں جاری ہے تاکہ وہ قرضہ لے کر اپنے کاروبار کو ترقی دے سکیں اور ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=292124

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں