ملتان۔ 17 ستمبر (اے پی پی):ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی ( میپکو) ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن 10ویں روز بھی جاری رہا۔ جنوبی پنجاب میں اب تک مہم کے دوران 4741بجلی چوروں کومجموعی طور پر18کروڑ16لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔2561بجلی چوروں کے خلاف بھیجی گئی درخواستوں میں سے 1933مقدمات درج کروائے گئے۔پولیس کے ہمراہ آپریشن کے دوران 64افراد کو موقع سے گرفتار کیاگیا۔
میپکو ترجمان کے مطابق میپکو ریجن میں آنے والے13اضلاع میں میپکو ٹیموں نے کارروائی کے دوران 4271گھریلو صارفین کو 15کروڑ53لاکھ روپے جرمانہ عائدکیا۔269تاجروں کو 84لاکھ روپے، 23صنعتکاروں کو 37لاکھ روپے جبکہ 169کاشتکار وں کوبجلی چوری کرکے اپنی زمینیں سیراب کرتے ہوئے پکڑلیاجنہیں ایک کروڑ40لاکھ روپے جرمانہ عائدکیاگیا۔
اسی طرح میپکو کی فیلڈ میں تعینات پہلی خاتون ایس ڈی او ستلج سب ڈویژن قرة العین کی سربراہی میں ٹیم نے چھاپہ مارکرشادمان سٹی فیز IIبہاولپورمیں بوگس میٹر کے ذریعے بجلی چوری کرنے پرجمشید فاروق سے جرمانہ کے عائد کردہ 10لاکھ روپے موقع پر وصول کرلیے۔