ملتان۔ 31 مئی (اے پی پی):جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں انسداد پولیو قومی مہم مکمل کر لی گئی۔پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ ویکسین پلانے کا ہدف بھی حاصل کر لیا گیا۔ ترجمان محکمہ صحت و آبادی کے مطابق جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع میں 77 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ ویکسین پلائی گئی۔ حالیہ انسداد پولیو قومی مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے کیپسول بھی پلائے گئے۔ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں31 ہزار سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا۔
اس سلسلے میں سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین پولیو ٹیموں کی کارکردگی مانیٹر کرنے کے لیے دیگر افسران کے ہمراہ خود بھی دور دراز علاقوں میں موجود رہے اور ٹیموں کی کارکردگی کو چیک کیا۔ انہوں نے ضلع بہاولنگر، مظفرگڑھ، خانیوال، ملتان اور ڈیرہ غازیخان کے مختلف علاقوں میں انسداد پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کی۔ سخی سرور اور فورٹ منرو کے پہاڑی علاقوں میں بھی پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو چیک کیا ۔
اس موقع پر سپیشل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ تمام پولیو ورکرز ہمارا اثاثہ ہیں۔پولیو کے خلاف فیلڈ ورکرز کا جذبہ اور لگن قابل تحسین ہیں۔ محمد شہباز حسین نے مزید کہا کہ شدید گرم موسم، تپتے ریگستانوں اور پہاڑوں میں پولیو ورکرز کو دیانتداری سے قومی فریضہ کی ادائیگی میں مصروف عمل دیکھ کر بے انتہا خوشی اور فخر ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603604