جنوبی پنجاب کے دورے کے دوسرے روزوزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملتان اور خانیوال میں انتہائی مصروف دن گزارا

104

ملتان۔8جنوری (اے پی پی):جنوبی پنجاب کے دورے کے دوسرے روزوزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملتان اور خانیوال میں انتہائی مصروف دن گزارا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال میں احساس نشوونما سینٹر کا افتتاح کیا۔ خانیوال کی تحصیل جہانیاں، خانیوال، کبیر والا اور میاں چنوں میں چار احساس نشوونما سینٹرز کام کر رہے ہیں۔

اس وقت، احساس نشوونما سینٹرز جنوبی پنجاب کے دو اضلاع خانیوال اور راجن پور میں کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ثانیہ نے کہا، "بچوں میں سٹنٹنگ سے نمٹنے کے لیے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق، اس سال ملک کی تمام تحصیلوں میں احساس نشوونما سینٹرز کھولے جائیں گے۔”احساس نشوونما کے تحت، حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں اور 2 سال سے کم عمر کے بچوں کو نقد مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

اس مالی معاونت کا مقصد غذائیت سے بھرپور خوراک کے استعمال، حفاظتی ٹیکوں، چیک اپ اور صحت سے متعلق آگاہی کی تربیت میں شرکت سے ہے۔قبل ازیں ڈاکٹر ثانیہ نے خانیوال کے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول، کوٹ آلا سنگھ میں بچوں اور ماؤں سے ملاقات کی تاکہ احساس سکول کے وظیفہ کے لیے بچوں کی رجسٹریشن کے ڈیجیٹل عمل کا جائزہ لیا جا سکے۔

انہوں نے مستفید ہونے والے بچوں اور ان کی ماؤں سے بھی بات کی۔ کوٹ آلا سنگھ اسکول میں، کل 160 میں سے 60 بچے اس وقت احساس اسکول کے وظائف سے مستفید ہورہے ہیں۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ پروگرام کے تحت لڑکوں کے مقابلے لڑکیوں کا وظیفہ زیادہ ہے۔ یہ دنیا بھر میں لڑکیوں کو اہمیت دینے والا اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جو غریب ترین خاندانوں کو انکے بچوں خصوصاً لڑکیوں کو اسکول بھیجنے کی ترغیب دیتا ہے” ۔

ڈاکٹر ثانیہ کے ہمراہ نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) کے سینئر افسران نے خانیوال میں کریانہ ریٹیلرز کے ساتھ احساس راشن رجسٹریشن مہم میں بھی شرکت کی۔ ویب سائٹ: ehsaasrashan.gov.pk کے ذریعے رجسٹریشن کے عمل کے بارے میں ریٹیلرز کی رہنمائی کے لیے انہوں نے مقامی مارکیٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے انہیں کریانہ اسٹورز کے لیے احساس راشن ایپ کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ڈاکٹر ثانیہ نے کہا، "NBP کے فعال کریانہ ریٹیلرز کو ہر سبسڈی کی فروخت پر 8% ٹیکس فری کمیشن ملے گا۔

"ڈاکٹر ثانیہ نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے احساس انڈر گریجویٹ سکالرشپ حاصل کرنے والوں کے ساتھ پالیسی مشاورت کی۔ احساس اسکالرشپ حاصل کرنے والوں نے بڑے پیمانے پر اس بات کی تعریف کی کہ اس پروگرام نے انہیں یونیورسٹی کی تعلیم تک رسائی حاصل کرنے کے لیے مالی طور پر بااختیار بنایا ہے۔

احساس اسکالرشپ کے شفاف عمل کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے اسے غریب طلبا کی زندگیوں میں تبدیلی لانے والا پروگرام قرار دیا۔ملتان میں رہتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نے ملتان کے علاقے گلگشت میں احساس رجسٹریشن ڈیسک کا بھی غیر اعلانیہ دورہ کیا۔

انہوں نے ان خواتین سے ملاقات کی جو احساس کفالت کے تحت خود اندراج کے لیے آئی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ "احساس سروے کی حالیہ تکمیل کے ساتھ ہم نے تحصیل کی سطح پر 490 سے زیادہ احساس رجسٹریشن ڈیسک قائم کیے ہیں”۔

ڈاکٹر ثانیہ نشترنے نشتر ہسپتال ملتان میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ پاکستان کے پہلے سیفٹی نیٹ ورک "احساس تحفظ” کے بارے میں ایک میٹنگ کی صدارت بھی کی۔