جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں 38 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف

198
Plant for Pakistan
Plant for Pakistan

ملتان۔ 21 مارچ (اے پی پی):”ایک استاد ایک درخت ،ایک طالب علم ایک درخت” کے سلوگن سے جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں 38 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔شجرکاری مہم کے دوران لگائے جانے والے پودوں کی حفاظت کی ذمہ داری اساتذہ کو سونپی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کی ہدایات پر "ایک استاد ایک درخت” اور ایک طالب علم ایک درخت” کی پالیسی وضع کرتے ہوئے سرکاری سکولوں میں شجرکاری مہم شروع کرنے کا حکم دیا ہے،

شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اساتذہ اور طلباء و طالبات کی شمولیت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ خود بھی شجرکاری مہم کے دوران کم ازکم ایک درخت ضرور لگائیں اور اس کے ساتھ ساتھ جماعت سوئم سے لے کر جماعت دہم تک کے تمام طلباء و طالبات بھی ایک،ایک پودا ضرور لگائیں۔

اساتذہ اور طلبہ لگائے جانے والے پودوں کے ساتھ اپنے نام کی تختی یا بورڈ لگائیں اور ان کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے اساتذہ کو کہا گیا ہے کہ وہ طلباء و طالبات کو شجرکاری مہم کی افادیت بارے آگاہ کریں تاکہ فضائی آلودگی اور اسموگ کے خاتمہ میں مدد مل سکے۔

واضح رہے کہ شجرکاری مہم کے دوران جنوبی پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں 105022 اساتذہ اور 37 لاکھ 73 ہزار 313 طلباء و طالبات کی مدد سے مجموعی طور پر 38 لاکھ 78 ہزار 335 پودے لگائے جائیں گے۔ سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ درخت لگا کر ان کی آبیاری کرنا صدقہ جاریہ ہے

،محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے موسمی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے طلبہ میں آگہی پیدا کرنے اور سرسبز وشاداب ماحول کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے میاواکی جنگل اگانے اور سرکاری سکولوں میں گرین بک کی تدریس کا عمل شروع کیا۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے اس امر پر زور دیا کہ موسمی تغیرات سے نبردآزما ہونے کے لیے وسیع پیمانے پر شجرکاری ناگزیر ہے۔