لاہور۔2فروری (اے پی پی):جنوبی پنجاب کے فوڈ ایکسپورٹرز کا 14 رکنی وفد اتوار کو دس روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گیا۔ روانگی سے قبل وفد کے سربراہ عبد الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دورے کا مقصد برآمدات میں اضافہ اور تجارتی تعلقات کے فروغ کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے اور یہ خلیجی ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لئے پاکستان کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
وفد اپنے سعودی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا تاکہ نئے کاروباری مواقع تلاش کیے جا سکیں۔ اس دورہ سے غذائی مصنوعات کے قابل اعتماد سپلائر کی حیثیت سے پاکستان کی حیثیت مستحکم ہو گی۔ پاکستان کی فوڈ انڈسٹری میں مستحکم نمو دیکھنے میں آرہی ہے جبکہ سعودی عرب نمکو اور پراسیسرڈ فوڈ سمیت غذائی مصنوعات کی بڑی مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے۔
عبد الرحمان نے مزید کہا کہ وفد سعودی امپورٹرز، ڈسٹری بیوٹرز اور سپر مارکیٹ چینز کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا تاکہ وہاں پاکستانی غذائی مصنوعات کی موجودگی کو بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہم طویل مدتی معاہدوں کے حصول اور سعودی تجارتی مارکیٹ میں زیادہ بڑا شیئر لینے میں کامیاب ہوں گے۔