جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع میں میپکو کی 230 سے زائد ٹیموں نے جلوسوں کے ہمراہ ڈیوٹیاں دیں،ترجمان

21
جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع میں میپکو کی 230 سے زائد ٹیموں نے جلوسوں کے ہمراہ ڈیوٹیاں دیں،ترجمان

ملتان ۔ 05 جولائی (اے پی پی):ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) ریجن میں محرم الحرام کے سلسلہ میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد کی ہدایت پر میپکو ہیڈ کوارٹر کے پاور ڈسٹری بیوشن سنٹرمیں چیف انجینئر او ا ینڈ ایم ڈسٹری بیوشن میپکو محمدشہزاد راعی نے بجلی فراہمی کی مانیٹرنگ کی اور سرکلوں میں قائم کنٹرول رومز میں بھی ایس ڈی اوز، ایکسین اور متعلقہ آپریشنل اور ٹیکنیکل افسران نے خدمات سرانجام دی۔

ترجمان کے مطابق جنوبی پنجاب کے 13اضلاع ملتان ، مظفرگڑھ، لیہ، ڈی جی خان ، راجن پور، خانیوال، وہاڑی، بہاولنگر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولپور، لودہراں اور رحیم یار خان میں میپکو کی 230سے زائد ٹیموں نے جلوسوں کے ہمراہ ڈیوٹیاں دیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اضافی میٹریل، وہیکلز کے ساتھ الرٹ رہے۔ ٹرانسفارمرز کی تبدیلی کے لئے بکٹ ماؤنٹڈ کرینیں استعمال کرنے اور متعلقہ ایس ڈی اوز، لائن سپروائزرز، سیفٹی سیل کے انسپکٹرز کو موقع پر موجودرہنے اور جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ہدایت پر میپکو کے 1700 سے زائد فیڈرز کی بجلی کی ترسیل مانیٹرکرنے کے لئے سرکلوں میں قائم کنٹرول رومز اور گرڈاسٹیشنوں میں بھی افسران و سٹاف چوبیس گھنٹے تین شفٹوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ دریں اثناء سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل امجد نواز بھٹی نے موبائل نیٹ ورک کی ممکنہ بندش کے باعث10محرم الحرام تک بجلی فراہمی اور صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے ملتان سرکل کے تمام ایس ڈی اوز کو دفاتر کے پی ٹی سی ایل /لینڈ لائن نمبرز کو دستیاب رہنے کی ہدایت کی ہے۔