جنوبی کوریا ، شہری علاقے میں غلطی سے آٹھ گولے گرادیئے، 7 افراد زخمی

127

سیئول ۔6مارچ (اے پی پی):جنوبی کوریا میں فضائیہ کے جنگی طیارے نے ایک شہری علاقے میں غلطی سے آٹھ گولے گرادیئے جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے ۔خوش قسمتی سے ان 8 گولوں میں سے صرف ایک ہی پھٹ سکا جس کے باعث شہر بڑے نقصان سے بچ گیا۔رائٹرز نے یونہاپ نیوز کے حوالے سے بتایا کہ دارالحکومت سیئول سے تقریباً 40 کلومیٹر شمال میں واقع بین کوریائی سرحدی قصبے پوچیون کےشہریوں کے مکانات پر کئی گولے گرے جس کے باعث 4افراد شدید زخمی اور 3افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں ۔ جمعرات کو بمباری کا یہ واقعہ لائیو فائر فوجی مشق کے دوران غلطی سے ہوا۔

جنوبی کورین فضائیہ کے’’کے ایف 16‘‘طیارے نے مقامی وقت کے مطابق تقریباً 10 بجے شمالی کوریا کی سرحد کے قریب پوچیون شہر پر گولے پھینکے۔پوچیون حکام کے مطابق بم ڈسپوزل ٹیم دیگر سات نہ پھٹنے والے بم نما گولوں کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنانے پر کام کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے قریب رہنے والے مکینوں کو نکال لیا گیا ہے۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو افراد کی گردن اور کندھے میں فریکچر آیا۔یونہاپ کی خبر کے مطابق، کوریا کی فضائیہ نے بی بی سی کو ایک بیان میں کہ ہمارے کے ایف 16 (جیٹ فائٹر) نے غیر معمولی طور پرایم کے-82بموں کے 8 گولے گرائےجو فائرنگ کی حد سے باہر گرے۔اس نے کہا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے

اور نقصان کے لیے معذرت خواہ ہے، اس نے مزید کہا کہ وہ متاثرہ افراد کو معاوضہ فراہم کرے گا۔آسن انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی اسٹڈیز کے ایک فوجی ماہر اور ریسرچ فیلو یانگ یوک نے بتایا کہ اگر بم منصوبہ بندی سے کم اونچائی پر گرائے جائیں تو وہ پھٹ نہیں سکتے۔واقعے کے نتیجے میں ایک چرچ کی عمارت اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔جنوبی کورین وزارت دفاع نے کہا کہ جمعرات کو ہونے والی تربیتی پرواز کا تعلق امریکی افواج کے ساتھ مشترکہ مشق سے تھا۔