جنوبی کورین صدارتی ایوارڈ یافتہ پاکستان کے زرعی سائنسدان ڈاکٹر غلام محمد علی کے اعزاز میں گورنر ہائوس پشاور میں تقریب

118
Faisal Karim Kundi
Faisal Karim Kundi

پشاور۔ 14 جنوری (اے پی پی):جنوبی کورین صدارتی ایوارڈ یافتہ پاکستان کے زرعی سائنسدان ڈاکٹر غلام محمد علی کے اعزاز میں گورنر ہائوس میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔گورنر ہائوس سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈاکٹر غلام محمد علی کو جنوبی کوریا حکومت کیجانب سے صدارتی ایوارڈ ملنے پر ان کے اعزاز کے اعتراف میں انہیں تعارفی شیلڈ پیش کی۔

گورنر خیبر پختونخوا نے ڈاکٹر غلام محمد علی کو زرعی شعبہ میں گرانقدر خدمات پر انہیں مبارکباد پیش کی۔تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈاکٹر غلام محمد علی کی غیر معمولی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش تے ہیں ،ڈاکٹر غلام محمد علی نے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کے قابل افراد کی حوصلہ افزائی کیلئے ایسی تقریبات دوسرے صوبوں کو بھی منعقد کرنی چاہئیں،پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت ہی اس کی بنیاد ہے، زرعی شعبہ کو ترقی دے کر ہم اپنے ملک کی معیشت کو مستحکم کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ،خیبرپختونخوا کو اللہ تعالی نے زرخیز زمین سے نوازا ہے،پانی کامسئلہ حل کرکے جنوبی اضلاع میں سبز انقلاب لاسکتے ہیں، زمینوں کو سیراب کرنے سے زرعی شعبہ کی ترقی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چشمہ کینال کنال کا سنگ بنیاد رواں سال جون میں رکھیں گے، دہشت گردی کا مقابلہ تعلیم اور روزگار سے کرناہوگا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زرعی سائنسدان ڈاکٹر غلام محمد علی نے کہا کہ حوصلہ افزائی اور پروقار تقریب کے انعقاد پر گورنر خیبر پختونخوا کا شکرگزار ہوں، زرعی شعبہ میں پاکستان کیساتھ جنوبی کورین صدارتی ایوارڈ حاصل کرنا ملک و قوم کی خدمات کا صلہ ہے۔تقریب میں شعبہ ذراعت کے ماہرین، چیمبر و انڈسٹری کے نمائندوں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔