اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کو پاکستان کے فاضل تجارت کے حجم میں رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں سالانہ بنیادوں پراضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں جنوبی مشرقی ایشیا کے ممالک کوپاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر4.59 فیصداضافہ جبکہ خطہ کے ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر6.51 فیصد کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں انڈونیشیا، ملائیشیا، سنگاپور، تھائی لینڈ اورخطہ کے دیگرممالک کوبرآمدات سے ملک کو592.93 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 4.59 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خطہ کے ممالک کو506.66 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔
نومبرمیں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کو139.68 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئیں جواکتوبرمیں 87.92 ملین ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 124.98 ملین ڈالرتھیں، مالی سال 2022 میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کاحجم 1.539 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے دوران جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر6.51 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، جولائی سے نومبر2022 تک کی مدت میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر3.731 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.974 ارب ڈالر تھا، نومبرمیں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک سے 681.87 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئیں جواکتوبرمیں 594.89 ملین ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 900.90 ملین ڈالرتھیں، مالی سال 2022 میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک سے 9.710 ارب ڈالرمالیت کی درآمدات ریکارڈکی گئیں۔