جنوب مغربی بلوچستان میں بارش، میدانی علاقوں میں موسم سرد و خشک، شمالی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور پہاڑی مقامات پر برفباری کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات

129

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):جنوب مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور پہاڑی مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند/سموگ چھائے رہے گی۔ خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں صبح کے اوقات میں بعض مقا مات پر کہر پڑنے کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔

شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ شدید دھند کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک، شمالی علاقوں میں شدید سرد جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہا ہے۔

پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے شدید دھند /سمو گ کی لپیٹ میں رہے۔ جمعرات کو ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 12، سکردو منفی7 ، کالام منفی 6، گلگت، گوپس، استور منفی 5، راولاکوٹ منفی 4، قلات اور دیر میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔