اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے جنوری میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی شرح میں نمایاں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے اہم معاشی اشاریے درست سمت گامزن ہیں۔ پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوری میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی شرح میں ریکارڈاضافہ ہوا جو خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کی نئی کمپنیوں کی شرح بہت زیادہ ہے، اس حوالےسے سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کا کردار بھی خوش آئند ہے۔
خرم شہزاد نے کہا کہ ملک کے اہم معاشی اشاریے درست سمت میں گامزن ہیں، جنوری میں ایف بی آر کے محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا،ماہ کے دوران 872 ارب روپے کی محصولات وصول کئے گئے جو جنوری 2024 کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شرح سوداور مہنگائی میں نمایاں کمی کے باوجود ایف بی آر کے محصولات میں اضافے سے کارکردگی کی عکاسی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے محصولات میں کسٹم ڈیوٹی کا تناسب بڑھا ہے جبکہ دیگر شعبوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا،اس سے ملک کی اقتصادی بحالی اور معاشی نمو کی عکاسی ہوتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=555320