جنوری کے مہینے میں زیادہ کورا پڑتا ہے جبکہ بعض اوقات فروری کے مہینے میں بھی کورا پڑ سکتاہے،محکمہ زراعت

96
lemon
lemon

قصور۔ 19 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت نے باغبانوں کو آم‘لیچی‘ پپیتا‘ کیلا‘ترشادہ پھلوں‘کاغذی لیموں‘لیمن کو کورے سے بچانے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ کوراان سدابہار پودوں اور اسکے پھل کو بری طرح متاثر کرتاہے لہٰذاباغبان اس جانب خصوصی توجہ مرکوزکریں کیونکہ بعض اوقات پھلدار پودے کورے کیوجہ سے مکمل طورپر تباہ ہوجاتے ہیں اور زیادہ دھند میں پودوں کی ٹہنیاں بھی خشک ہوجاتی ہیں جس سے باغبانوں کو شدیدمالی نقصان کا سامناکرناپڑسکتاہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع)قصوراکرم طاہر نے”اے پی پی“کو بتایا کہ جنوری کے مہینے میں زیادہ کوراپڑتاہے جبکہ بعض اوقات فروری کے مہینے میں بھی کوراپڑسکتاہے۔انہوں نے بتایا کہ پھلدار پودوں کی کامیاب اور نفع بخش کاشت کا انحصار ان کی مناسب دیکھ بھال پر ہوتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ سخت سردی‘ سخت گرمی‘ ژالہ باری اور آندھیوں سے باغات کے چھوٹے وبڑے پودے بری طرح متاثرہوتے ہیں۔