جنگلات کا عالمی دن، جنوبی پنجاب میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کا آغاز

164
Plants were planted
Plants were planted

ملتان۔ 21 مارچ (اے پی پی):جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر جنوبی پنجاب میں بڑے پیمانے پرشجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا، شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئےمحکمہ جنگلات جنوبی پنجاب کی جانب سے سرکاری نرسریوں میں 25 لاکھ 80 ہزار پودے تیار کئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے جمعرات کے روز یہاں سرکٹ ہاوس میں پودا لگا کر جنوبی پنجاب میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل، سیکرٹری سروسز انجینئیر امجد شعیب خان ترین،سیکرٹری جنگلات سرفراز خان مگسی، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر افضل ناصر اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن عبیداللہ کھوکھر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان کو بھی موسمی تغیر کے مضر اثرات کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کا بہترین طریقہ شجر کاری ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب مہم کے دوران25 لاکھ پودے لگائے گا،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا ہر محکمہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے میں بھر پور حصہ لے گا اور اپنی سرگرمیوں کو تصاویری ثبوت کے ساتھ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تیارکی گئی ایپ پر اپ لوڈ کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری سکولوں میں "ایک استاد ایک درخت اور ایک طالب علم ایک درخت” کے سلوگن سے شجرکاری مہم میں حصہ لیا جارہا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے کہا کہ آئندہ نسلوں کی بقاء کے لئے ضروری ہے کہ ہر فرد اپنے حصے کا پودا لگائے، عوام سے اپیل ہے کہ شجرکاری مہم میں شامل ہوکر اپنا قومی فریضہ نبھائیں تاکہ پاکستان کو گرین کور فراہم کیا جاسکے اور آلودگی کا خاتمہ کیا جاسکے۔