ننکانہ صاحب۔ 21 مارچ (اے پی پی):جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر ضلع ننکانہ صاحب میں گرینڈ شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤنے ننکانہ بائی پاس پر 500 پودے لگا کر پلانٹ فار پاکستان مہم کا افتتاح کیا۔
شجرکاری مہم کی پروقار تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز ، تمام ضلعی افسران ، صحافی برادری سمیت شہریوں اور سکول کے بچوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنر، ضلعی افسران ، صحافی برادری ، سکول کے بچوں اور موجود شہریوں نے بھی اپنے اپنے حصے کے پودے لگائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری مہم کے تحت ضلع میں 30 اقسام کے پھلدار اور پھولدار پودے لگائے جا رہے ہیں ، تمام ضلعی اداروں کو پودے لگانے اور ان کی پرورش کا ٹارگٹ دے دیا گیا ہے
جبکہ ضلع کی تمام شاہرات ، کالجز ، ہسپتالوں اور ضلعی دفاتر میں پودے لگائے جا رہے ہیں۔ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ شجرکاری مہم کا دائرہ کار یونین کونسل کی سطح تک بڑھایا گیا ہے جبکہ ہاوسنگ سوسائیٹز ، پٹرول پمپس، بھٹہ جات اور فیکٹریز کے اردگرد بھی بھرپور شجرکاری کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ لینڈ پر شجرکاری کرنا لازم ہو گی ، اسسٹنٹ کمشنرز عملدرآمد یقینی بنائیں گے ، ضلعی انتظامیہ رواں سیزن میں 01 لاکھ 54 ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ مکمل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز و ضلعی افسران پلانٹ فار پاکستان کے تحت بھرپور شجرکاری کریں ، ہر پودے کا جیو ٹیگڈ ڈیٹا بھی اپلوڈ کیا جائے۔ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ 40 ضلعی اداروں کے افسران و اہلکاران لگائے جانے والے پودوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575092