فیصل آباد۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہجنگلی حیات مختلف وجوہات بشمول جنگلات کی کٹائی اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے لہٰذاجنگلی حیات کے وجود کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے اور ان کو تحفظ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جانے چاہئیں تاکہ دنیا میں ایکو سسٹم کو تباہی سے بچایا جاسکے۔
جامعہ کے شعبہ زوآلوجی، وائلڈ لائف اینڈ فشریز کے زیر اہتمام تحفظ جنگلی حیات کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عالمی سطح پر بہت سے جنگلی جانوروں کی نسلوں کو مختلف وجوہات کی بنا پر بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تنوع اور ماحولیاتی نظام کو اپنے ہاتھوں سے برباد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے تسلسل کے ساتھ سیمینار زکا انعقاد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے ہمیں مربوط کاوشیں عمل میں لانا ہونگی۔
انہوں نے کہا کہ اگر سنجیدہ کوششیں نہ کی گئیں تو بعض جنگلی جانور معدومیت کی طرف بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات ماحولیاتی نظام کا ایک اہم حصہ ہے اور حیاتیاتی تنوع کا یہ نقصان کرہ ارض کو تنزلی کی طرف دھکیل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جنگلی حیات کو بحال کرنا ہے۔ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہ ہم نے جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے سائنسدانوں، ماہرین و دیگرمعاشرتی طبقوں کے روابط کو بڑھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے نہ صرف انسان بلکہ جانوروں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ زمین کیلئے ہر جنگلی حیات کی اپنی اہمیت ہے اور یہ غلط فہمی ہے کہ جنگلی جانور ہمارے دشمن ہیں۔ انہوں نے قومی اور عالمی سطح پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر عزیز احمد، ڈاکٹر خالد عباس، ڈاکٹر نازیہ احسان، ڈاکٹر عبدالمتین، ڈاکٹر ساجد عبداللہ، ڈاکٹر مصباح سرور، فہد ملک و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=514001