لاہور۔6مئی (اے پی پی):سینئروزیر مریم اورنگ زیب کی ہدایت پر چیف وائلڈلائف رینجر پنجاب کی زیر نگرانی صوبہ میں جنگلی جانوروں کے غیر قانونی شکاراور کاروبار کرنیوالوں کیخلاف کا رروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں گھڑیال کیمپ مری میں خونخوار کتوں کے ساتھ جنگلی سور کا غیر قانونی شکار کرنیوالے 6شکاریوں کے چالان کرکے مبلغ 1لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ،جبکہ بارڈر بیلٹ ایریا سے مسکن سے بھٹکے 2پاڑہ ہرن ریسکیو کرکے جنگل میں آزاد کر دیئے ۔
ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع مری محمد ابرار کی سربراہی میں سینئر وائلڈ لائف رینجر امجد عباسی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گھڑیال کیمپ مری میں خونخوار کتوں کے ساتھ جنگلی سور کے غیر قانونی شکار میں مشغول 6شکاریوں کو موقع پر گرفتار کرکے پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ کی خلاف ورزی پر ان کا چالان مرتب کیا اور کیس کمپائونڈ کرنیکی درخواست پر تمام ملزمان کو مبلغ 1لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا ۔
اسی طرح ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرگوجرانوالہ ریجن زاہد اقبال شیخ کی سربراہی میں فیلڈ سٹاف نے تحصیل سیالکوٹ بارڈ ر بیلٹ ایریا سے پنجاب رینجر کے خصوصی تعاون سے اپنے مسکن سے بھٹکے 2مادہ پاڑہ ہرن ریسکیو کرکے واپس قدرتی ماحول میں آزاد کر دیئے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593575