لاہور۔4مارچ (اے پی پی):سینئروزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پرڈائریکٹرجنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب کی زیر قیادت معصوم جنگلی پرندوں کے غیر قانونی کاروبار اور اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بدستورجاری ہے اور ایسی ہی ایک کامیاب کارروائی کے دوران لاہور شہر سے بادامی باغ سے معصوم جنگلی پرندوں کی غیر قانونی اسمگلنگ اور کاروبار میں ملوث چار ارکان سرغنہ سمیت گرفتار کر کے ان کے غیر قانونی قبضہ سے 3ہزار سے زائد جنگلی پرندے برآمد کر لئے گئے۔
ترجمان کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف لاہور ریجن عاصم کامران کی سربراہی میں وائلڈ لائف سٹاف لاہور ریجن نے ایک خفیہ اطلاع پر معصوم جنگلی پرندوں کی غیر قانونی اسمگلنگ او ر کاروبار میں ملوث رضا نامی ڈیلر کے گودام واقع بادامی باغ میں چھاپہ مار کر 4ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کے غیر قانونی قبضہ سے 3ہزار کے لگ بھگ کیجڈ برڈ ز گھریلو چڑیاں ، ممولے اور کوے برآمد کر کے ملزمان کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کرکے مقامی عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے دو ملزمان کو 20دن کیلئے جیل جبکہ بقیہ دو کو ایک سال کیلئے پروبیشن پرر کھا ۔ ضبط کئے جانیوالے تمام جنگلی پرندوں کو واپس قدرتی ماحول میں آزاد کردیا گیا ہے ۔ یادرہے کہ لاہور شہر میں کیجڈ برڈ ز معصوم جنگلی پرندوں کی خریدوفروخت کا کا روبار صدقہ وخیرات کی آڑ میں کیا جاتا ہے۔
جس کی روک تھام کیلئے محکمہ پوری کوشش کررہا ہے تاہم یہ کوشش تبھی سود مند ہوں گی جب عوام بھی محکمہ کے شانہ بشانہ اس مکروہ دھندے کی حوصلہ شکنی کریںاور اپنے قرب وجوار میں ایسے افراد پر نظر رکھیں اور فورا محکمہ کو اطلاع کریں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=568599