18.2 C
Islamabad
منگل, مارچ 18, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںجنگ بندی میں توسیع کے مذاکرات میں ناکامی کے بعد اسرائیل کے...

جنگ بندی میں توسیع کے مذاکرات میں ناکامی کے بعد اسرائیل کے غزہ پر ایک بار پھر شدید فضائی حملے ، 220 فلسطینی شہید

- Advertisement -

غزہ۔18مارچ (اے پی پی):اسرائیل نے جنگ بندی مذاکرات ناکام ہو نے کے بعد غزہ میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر فضائی حملے شروع کر دیئے ہیں جس کے نتیجے میں 220 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے منگل کی صبح غزہ کی پٹی کے بیشتر شہروں پر فضائی حملے کئے ہیں۔ ان علاقوں میں شمالی غزہ کی پٹی، غزہ سٹی، دیر البلاح، خان یونس اور وسطی اور جنوبی غزہ کی پٹی کے رفح کے علاقے شامل ہیں۔غزہ میں وزات صحت کے حکام کے مطابق منگل کی صبح ہونے والے فضائی حملوں میں 220 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ۔

- Advertisement -

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس نے غزہ میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے کئے ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے منگل کو علی الصبح اس وقت شروع ہوئے جب لوگ رمضان کا روزہ رکھنے کے لئے سحری کر رہے تھے۔ 20 سے زیادہ جنگی طیاروں نے رفح، خان یونس اور غزہ شہر کو نشانہ بنایا۔

غزہ کی پٹی میں درجنوں اسرائیلی جنگی طیاروں نے اہداف کو نشانہ بنایا اور ہر طرف دھماکوں کی آوازیں سنیں۔ان حملوں کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں نشانہ بنائے گئے علاقوں سے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ایمبولینسز سے زخمیوں کو باہر نکالے جاتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے غزہ میں اہداف پر بہت زیادہ حملے کئے ہیں۔

اسرائیلی مسلح افواج نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں دہشت گردی کے اہداف کو نشانہ بنا رہے تھے۔ اسرائیلی فضائی حملوں میں علاقے میں فلسطینی عسکریت پسند رہنمائوں کے مارے جانے کی اطلاعات بھی ہیں۔ 19 جنوری کو ہونے والے سیز فائر کے بعد اسرائیل کی جانب سے فضائی حملوں کی یہ سب سے بڑی کارروائی ہے۔غزہ میں جنگ بندی میں توسیع کے لئےفریقین کے درمیان مذاکرات کسی بھی معاہدے پر پہنچنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جب تک ضروری ہوا وہ غزہ میں فلسطینی عسکریت پسند رہنماؤں اور انفراسٹرکچر کے خلاف حملے جاری رکھنے کے لئے تیار ہے اور یہ مہم فضائی حملوں سے آگے بڑھائی جائے گی۔ادھر اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے کہا کہ انھوں نے اسرائیلی فوج کو یرغمالیوں کی رہائی سے انکار اور جنگ بندی کی تمام تجاویز کو مسترد کرنے کے جواب میں فلسطینی عسکریت پسند رہنمائوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اب سے فلسطینی عسکریت پسند رہنمائوں کے خلاف فوجی طاقت میں اضافہ کرے گا۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے فاکس نیوز کو بتایا ہے کہ اسرائیل نے ان حملوں سے قبل امریکی انتظامیہ سے رابطہ کیا تھا۔ شنہوا کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ کی پٹی کے جنوب، شمال اور مرکز میں گنجان آباد رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ بے گھر افراد کے کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

حملوں سے کافی مادی نقصان ہوا اور درجنوں افراد ملبے کے نیچے پھنس گئے جبکہ امدادی ٹیموں کو جاری بمباری کی وجہ سے متاثرین تک پہنچنے میں سخت چیلنجز کا سامنا ہے۔غزہ میں طبی سہولتوں کی شدید قلت کے باعث زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ فضائی حملوں سے سڑکیں اور انفراسٹرکچر تباہ ہونے کی وجہ سے ایمبولینسز کی نقل و حرکت میں شدید رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573709

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں