واشنگٹن۔27اگست (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر روس یوکرین میں ساڑھے تین سال سے جاری تنازع میں جنگ بندی کو مسترد کرتا ہے تو اس کے خلاف انتہائی سخت اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔شنہوا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روسکے جنگ بندی پر اتفاق نہ کرنے کے حوالے سے سوال کے جوب میں کہا کہ یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے جو میرے ذہن میں ہے، اگر مجھے کرنا پڑا، لیکن میں چاہتا ہوں کہ یہ ختم ہو۔
ہمارے پاس اقتصادی پابندیاں ہیں، اور میں معیشت کے حوالے سے بات کر رہا ہوں کیونکہ ہم کسی عالمی جنگ میں نہیں پڑنے جا رہے۔امریکی صدر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی کے درمیان براہ راست ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم روسی حکام نے کہا ہے کہ اس کے لیے حالات ابھی سازگار نہیں۔
دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ یوکرین میں غیر ملکی فوجیوں کی تعیناتی روس کے لیے ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے 19 اگست کو یہ بھی کہا کہ روس کسی بھی فارمیٹ، چاہے وہ دو طرفہ ہو یا سہ فریقی، کو تنازع کے حل کے لیے مسترد نہیں کرتا۔