ملتان۔ 10 مئی (اے پی پی):جنگ و کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی کی زیر نگرانی چلڈرن ہسپتال ملتان میں موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ہفتہ کو چلڈرن ہسپتال میں محکمہ سول ڈیفنس اور ریسکیو1122 کے اشتراک سے موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔یہ مشق حکومت کی جاری کردہ کنٹیجنسی پلان کے تحت عمل میں لائی گئی، جس کا مقصد ہسپتال عملے، مریضوں اور عوام الناس کو کسی بھی جنگی یا ہنگامی صورت حال میں بروقت اور محفوظ طریقے سے ردعمل دینے کی تربیت دینا تھا۔
موک ایکسر سائز کے دوران ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فائر فائٹنگ، ابتدائی طبی امداد، انخلائی مشق (Evacuation Drill)، اور حفاظتی پناہ گاہوں تک رسائی کی تربیت فراہم کی۔موک ایکسرسائز میں ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی نے خطاب کرتے ہو کہا کہ ایسے تربیتی سیشن نہ صرف ہسپتال کی تیاری کو مؤثر بناتے ہیں بلکہ معاشرے میں شہری دفاع کے شعور کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
مشق کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی سلامتی اور افواجِ پاکستان کے عزمِ حوصلہ کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا مانگی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595350