جنیوا ۔30اکتوبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت اور دیگر امدادی اداروں نے القدس ہسپتال کو خالی کروانے کے اسرائیلی اعلان پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔برطا نوی خبررساں ادارے کےمطابق شمالی غزہ کے القدس ہسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹروں اور فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے انھیں فوری طور پر وہاں سے نکل جانے کے لیے کہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس کا کہنا ہے کہ یہ خبرانتہائی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مریضوں سے بھرے ہسپتالوں کو ان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالے بغیر خالی کرنا ناممکن ہے،انسانی حقوق کے عالمی قوانین کے تحت صحت عامہ کے اداروں کا ہمیشہ تحفظ کیا جانا چاہیے۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال مدد اور پناہ گاہیں دونوں فراہم کر رہے ہیں، ان کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ شہر میں پی آر سی ایس کا القدس ہسپتال سینکڑوں زخمیوں اور بستروں پر پڑے طویل مدتی مریضوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے،موجودہ صورتحال میں انتہائی نگہداشت کے مریضوں، لائف سپورٹ پر اور بچوں کو انکیوبیٹرز میں موجود مریضوں کو نکالنا ناممکن ہے۔