جنیوا انگیج ایوارڈز،پاکستانی مشن کو سوشل میڈیا انگیجمنٹ پر پہلی پوزیشن حاصل

77

جنیوا۔2فروری (اے پی پی):جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کو بین الاقوامی 9ویں جنیوا انگیج ایوارڈز میں ‘سوشل میڈیا انگیجمنٹ’ کیٹیگری میں پہلی پوزیشن سے نوازا گیا ہے۔ ڈپلومیٹک فاؤنڈیشن (سوئس-مالٹیز غیر سرکاری تنظیم )کے زیر اہتمام پاکستان کے مستقل مشن کو بین الاقوامی 9ویں جنیوا انگیج ایوارڈز میں ‘سوشل میڈیا انگیجمنٹ’ کیٹیگری میں پہلی پوزیشن سے نوازا گیا ۔

جنیوا میں جمعرات کو منعقدہ تقریب میں پاکستان کے سفیر اور اقوام متحدہ میں مستقل نمائندے بلال احمد نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ایوارڈ کو مشن میں اپنی ٹیم کی محنت اور ان کے پیشرو اور بیجنگ میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کے نام کیا۔سفیر بلال احمد نے عوامی اور ڈیجیٹل سفارت کاری کے شعبے میں پاکستان کے دفتر خارجہ کی وقف اور مستقل کوششوں کی تعریف کی جس کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔انہوں نے پاکستان کے مشن کو اعزاز دینے پر ڈپلومیٹک فاؤنڈیشن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جنیوا انگیج ایوارڈز جنیوا اور دنیا بھر کی کمیونٹیز کے درمیان فعال روابط کو تسلیم کرتے ہیں جو ماحولیاتی تبدیلی، انسانی حقوق، ترقی، اور ہجرت سمیت پالیسیوں سے متاثر ہوتے ہیں۔2002 میں قائم کی گئی، ڈپلومیٹک فاؤنڈیشن حکام کو تربیت دے کر اور انٹرنیٹ گورننس، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا، مصنوعی ذہانت، اور دیگر ابھرتے ہوئے ٹیک ایشوز پر صلاحیتوں کو بڑھا کر عالمی سفارت کاری میں چھوٹی اور ترقی پذیر ریاستوں کے کردار کو بہتر بنانے کے لیے کام کرتی ہے۔

فائونڈیشن اب تک دنیا کے 208 ممالک اور خطوں سے 7,500 سے زیادہ سابق طلباء کو کامیابی سے تربیت دے چکی ہے۔دیگر مستقل مشنوں میں جنہیں دوسری کیٹا گریز میں ایوارڈز ملے ہیں ان میں یورپی یونین، فرانس، اٹلی، ناروے، قازقستان، روس، برطانیہ، امریکہ اور دیگر شامل ہیں۔