جنیوا کانفرنس میں شریک ممالک اور ترقیاتی شراکت دار اداروں کی سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیرنو کیلئے پاکستان کو ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی

229
جنیوا کانفرنس میں شریک ممالک اور ترقیاتی شراکت دار اداروں کی سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیرنو کیلئے پاکستان کو ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی

جنیوا۔9جنوری (اے پی پی):جنیوا کانفرنس میں شریک ممالک اور ترقیاتی شراکت دار اداروں نے سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیرنو کیلئے پاکستان کو ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ پیر کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی زیر صدارت پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے عالمی کانفرنس کا دوسرا سیشن منعقد ہوا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے نمائندہ نے کہا کہ پاکستان کے سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، سعودی عرب پاکستان کے انفراسٹرکچر اور سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے منصوبے جاری ہیں۔ آذربائیجان کے نمائندہ نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، اس اقدام سے پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے اقدامات میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ اٹلی کے نمائندے نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ اور پرانے تعلقات ہیں، مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو تعمیرنو اور بحالی کیلئے مدد کی ضرورت ہے۔ سویڈن کی نمائندہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے بحالی اور تعمیرنو کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں، سویڈن پاکستان ریزیلیئنٹ کمیونٹی کے ساتھ شراکت داری اور مدد کیلئے مختلف طریقوں پر کام کر رہا ہے۔ ڈنمارک کے نمائندہ نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد تعمیرنو و بحالی اور انسانی بنیادوں پر فراہمی کیلئے بھرپور کوششوں کی ضرورت ہے،

گرین انرجی پروگرام کے تحت ہم موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے میں مدد فراہم کریں گے، انفراسٹرکچر اور ترقی کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری فراہم کریں گے۔ ایران کے نمائندے نے کہا کہ پاکستان کو ایل پی جی کے ذریعے توانائی کے شعبہ میں تعاون فراہم کریں گے، پاکستان کو موسمیاتی ناانصافی کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے خوراک و زراعت نے کہا کہ پاکستان کو زراعت سمیت دیگر شعبوں میں تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے کہا کہ پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کی فراخدلی سے میزبانی کی، پاکستان تباہ کن سیلاب کے باوجود مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، پاکستان میں سیلاب نے کروڑوں لوگوں کو متاثر کیا ہے، مشکل وقت میں عالمی برادری کو بڑھ چڑھ کر پاکستان کی کرنی چاہئے۔ جمہوریہ کوریا کے سفیر نے کہا کہ پاکستان سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

نائب صدر یورپی یونین سرمایہ کاری بینک نے کہا کہ یورپی یونین سرمایہ کاری بینک سمیت پرعزم شراکت دار پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مصر کے نمائندے نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں پاکستان کے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں۔ کانفرنس سے کینیڈا، ہالینڈ، انڈونیشیا، کویت، لکسمبرگ اور گرین کلائیمیٹ فنڈ کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور سیلاب متاثرین کی بحالی و تعمیرنو میں مدد کیلئے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔