21.6 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومقومی خبریںجنیوا کانفرنس میں 10 ارب ڈالر سے زیادہ امداد کا اعلان پاکستان...

جنیوا کانفرنس میں 10 ارب ڈالر سے زیادہ امداد کا اعلان پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت پر عالمی برادری اور دوست ممالک کے اعتماد کا اظہار ہے، طاہر محمود اشرفی

- Advertisement -

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں 10 ارب ڈالر سے زیادہ پاکستان کیلئے امداد کا اعلان اور سعودی عرب کے ولی عہد کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور دو ارب ڈالر پاکستان کے ریزرو میں شامل کرنے کے حوالے سے اعلانات قابل ستائش اور پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت پر عالمی برادری اور دوست اسلامی عرب ممالک کے اعتماد کا اظہار ہے ۔

عالمی برادری اور دوست اسلامی ممالک اور مملکت سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کے ساتھ تعاون کے اعلانات کا خیر مقدم اور شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے قومی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے حوالے سے وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور ان کی ٹیم کے عالمی برادری اور دوست عرب اسلامی ممالک کے ساتھ روابط کے نتیجے میں جن اقدامات کا جنیوا اور سعودی عرب میں اعلان کیا گیا ہے، وہ پاکستان کے مقام اور تعلقات کو ظاہر کرتا ہے ۔

- Advertisement -

اس حوالے سے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی کوششیں قابل ستائش ہیں اور یہ بات واضح ہے کہ پاکستان میں انتشار پیدا کرنے والی کوششیں اور پاکستان کے ڈیفالٹ کرنے کی افواہ سازی کرنے والوں کو اس اعلان سے شرمندگی ہوئی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ جنیوا کانفرنس نے موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات کا دنیا کو احساس دلایا۔ کانفرنس نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اجتماعی چیلنج کا اجتماعی طورپر مقابلہ کرنے کی سوچ کو ایکشن میں بدلاہے۔ کانفرنس انسانیت اور کرہ ارض کی ماحولیاتی بہتری میں اہم عالمی فورم ثابت ہو گی۔

عالمی فورم پر پاکستان کے لوگوں کی حمایت کرنے والے ملکی و غیر ملکی شرکاء کا بھی پُرخلوص شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سیلاب کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام صوبوں اور اداروں کو ساتھ لے کر جس طرح اجتماعی کوششیں کیں، یہ اس کے ثمرات ہیں اور اتحادی حکومت کی مشترکہ کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنیوا کانفرنس پاکستان اور سیلاب متاثرین کیلئے بڑی کامیابی ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ، عرب اسلامی ممالک اور عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ شفافیت کے ساتھ فنڈز کی امانت عوام کو پہنچائیں گے، ان کی زندگیوں میں تبدیلی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نئے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے مملکت سعودی عرب کا دورہ کیا، یہ ان کا اپنا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ تھا۔ پاکستان میں جو بھی سپہ سالار آتا ہے یا وزیر اعظم آتا ہے اس کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ سب سے پہلے ارض حرمین شریفین جائے اور وہاں سے وہ اپنے بیرونی دوروں کا آغاز کرے۔ موجودہ سپہ سالار نے بھی یہی کام کیا۔

الحمد للہ سعودی عرب کی قیادت نے، عوام نے، عسکری و سیاس قائدین نے جس طرح ان کا استقبال کیا وہ قابل فخر ہے ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دو بھائیوں کے تعلقات ہیں، ہمارے ایمان اور عقیدے کے تعلقات ہیں۔ آرمی چیف سے سعودی عرب کے وزیر دفاع امیر خالد بن سلمان اور سعودی عسکری قیادت نے ملاقات کی اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ حافظ محمد طاہر محمود نے کہا کہ ایک مسلمان کیلئے سب سے بڑی نعمت روضہ رسول ﷺ پر حاضری اور حجرہ سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ میں حاضر ہونا ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے یہ سعادت بھی پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر صاحب کو بخشی ہے ، وہ بیت اللہ شریف کے اندر بھی گئے اور انہوں نے وہاں نوافل ادا کیے۔ مسجد نبوی ؐ اور بیت اللہ شریف میں اللہ تعالیٰ نے جو ان کو اعزاز دیا میں سمجھتا ہوں یہ اللہ کے فضل و کرم اور احسان کے بغیر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ رات ان کی سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان سے بھی ملاقات ہوئی اور ذرائع یہ بتاتے ہیں کہ جس انداز سے سعودی عرب کے ولی عہد انے ان کا استقبال کیا اور سعودی عرب کے وزیر دفاع امیر خالد بن سلمان نے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا یہ پاکستان اور سعودی عرب تعلقات اور پاکستان کی فوج کے ساتھ سعودی عرب کی قیادت کی محبت کی ایک واضح دلیل ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ کریم کے فضل و کرم اور احسان کے بعد ہمارے دوست ممالک جن میں سعودی عرب، چین، امارات ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کبھی بھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔ ہم اس موقع پر سعودی عرب کی قیادت بالخصوص خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز، ولی عہد امیر محمد بن سلمان، وزیر دفاع امیر خالد بن سلمان، سعودی عرب کی عسکری و سیاسی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=345661

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں