جوبائیڈن نے رون کلین کو وائٹ ہائوس کا چیف آف سٹاف نامزد کر دیا

291
جو بائیڈن

واشنگٹن۔12نومبر (اے پی پی):نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے سابق صدر باراک اوباما کے سینئر وائٹ ہائوس اہلکار رون کلین کو وائٹ ہائوس کا چیف آف سٹاف نامزد کر دیا ہے۔ وائٹ ہائوس چیف آف سٹاف کی ذمہ داریوں میں صدر کے روزانہ کا شیڈول ترتیب دینا شامل ہے جس کی نامزدگی کے لیے سینیٹ کی منظوری کی ضرورت نہیں ہوتی ہے ۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے جوبائیڈن کی اقتدار کی منتقلی کی ٹیم نے گزشتہ روز جاری ایک بیان میں کہا کہ جوبائیڈن نے کہا ہے کہ وہ ملک کو متحد کرنے اور بحران سے نکالنے کے لیے وائٹ ہائوس کے چیف آف سٹاف میں جو خوبیاں دیکھنا چاہتے ہیں وہ رون کلین میں موجود ہیں ۔وہ نہ صرف سیاسی میدان میں ہر قسم کے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ متنوع تجربے کے حامل بھی ہیں۔ جس پر رون کلین نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ نومنتخب صدر جوبائیڈن کے ان پر کیے گئے اعتماد پر شکرگزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جوبائیڈن کے ملک میں تقسیم کے خاتمے اور تبدیلی کے ایجنڈا کے لیے ان کی ٹیم کے ساتھ وائٹ ہائوس میں کام کرنے کے منتظر ہیں ۔ رون کلین 1989 سے 1992 تک سینیٹ کی جوڈیشری کمیٹی کونسل کے سربراہ رہے، انہون نے 1988 اور 2008 میں جوبائیڈن کی انتخابی مہم کے دوران مشیر اور سپیچ رائٹر کی خدمات بھی سرانجام دیں جبکہ 2009 میں باراک اوبامہ کے دور حکومت میں نائب صدر جوبائیڈن کے چیف آف سٹاف بھی رہے ۔